جنیوا میں زیورات کی نیلامی،ہیرے کے دو جھمکے پانچ کروڑ چوہتر لاکھ ڈالر میں فروخت

12:24 PM, 17 May, 2017

جنیوا:جنیوا میں زیورات کی نیلامی کے دوران ہیرے کے دو جھمکے ریکارڈ توڑ پانچ کروڑ 74 لاکھ ڈالر میں فروخت کیے گئے ہیں۔دیکھنے میں ناشپاتی جیسے ان جھمکوں کی اس جوڑی کو اپولو اور آرٹیمس کا نام دیا گیا ہے اور یہ دونوں ہی ہیرے تقریباً 16، 16 قیراط کے ہیں۔بنا کسی خامی کے ان پتھروں کو جنوبی افریقہ میں نکالا گیا اور یہ دونوں ہی سوائے اپنے رنگ کے بالکل ایک جیسے ہیں۔ 

آرٹیمس گلابی رنگ کا ہے جبکہ اپولو کا رنگ نیلا ہے۔سادبے کے چیف آکشنیئر ڈیوڈ بینٹ کا کہنا ہے کہ یہ رنگین ہیرے انتہائی نایاب ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ’یہ اپنے اندر ہی نایاب پتھر ہیں لیکن یہ دونوں مل کر مزید حیرت انگیز بن گئے ہیں، یہ بہت ہی زبردست ہیں۔‘بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق جھمکوں کی اس جوڑی کو ایک نامعلوم خریدار نے خریدا اور انھیں ایک ساتھ ہی رکھا جائے گا۔
دونوں جھمکوں میں جو بات الگ ہے وہ ان کی قیمت ہے۔ اپولو کو چار کروڑ 25 لاکھ ڈالر جبکہ آرٹیمس کو ایک کروڑ 55 لاکھ ڈالر میں فروخت کیا گیا ہے۔جنیوا میں زیورات کی نیلامی کے اس شو میں سب سے زیادہ پذیرائی ان جھمکوں کو ہی ملی تاہم انھیں اندازے کے برخلاف کم قیمت میں فروخت کیا گیا۔ان کی قیمت کے بارے میں نیلامی سے قبل اندازہ لگایا گیا تھا کہ انھیں سات کروڑ ڈالر میں فروخت کیا جا سکتا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں