واشنگٹن: امریکا میں ورلڈ افیئر کونسل کے تحت تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ خود معطل کر رکھا ہے۔ بھارت کو مذاکرات معطل کرنے سے کوئی مقصد حاصل نہیں ہوا بلکہ تعطل کی وجہ سے باہمی تعلقات مزید خراب ہو رہے ہیں۔
اعزاز چودھری نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات انتہائی اہم ہیں اور امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ انہوں نے بتایا دہشتگردی میں نمایاں کمی سے پاکستان کی معیشت پر مثبت اثر پڑا ہے۔
ادھر ایک مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے اقوام میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ صنفی حساسیت پاکستانی امن فوج کی تربیت کا لازمی حصہ ہے جبکہ پاکستان خواتین کو جنسی جرائم سے تحفظ دینے کیلئے پُرعزم ہے۔ ملیحہ لودھی نے واضح کیا کہ پناہ گزین خواتین پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس سے پہلے اعزاز چوہدری نے امریکی رکن کانگریس تھامس سوزی سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں تھامس سوزی کا کہنا تھا کہ امریکا مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کر سکتا ہے۔ پاکستان اور امریکا مل کر افغانستان میں استحکام کے لیے کام کر سکتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاکستان کی سیکیورٹی اور معاشی کامیابیوں پر بھی بات چیت کی گئی
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں