ہانگ کانگ: ون بیلٹ ون روڈ پاکستان سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ابھرتی ہوئی معیشت ہے جبکہ آج کا پاکستان پراعتماد اور سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔ حکومت نے سرمایہ کار دوست ماحول کیلئے جامع پلان بنایا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ خسارے میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ ہو رہا ہے۔ رواں مالی سال جی ڈی پی کی شرح 5 فیصد ہے اور آئندہ 2 سال میں اس میں مزید اضافہ ہو گا۔
انہوں نے بیرونی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہوئے کہا وہ اپنا سو فیصد منافع باہر لے جا سکتے ہیں۔ اس سے پہلے وزیر اعظم نواز شریف نے ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو لی چی یانگ سے ملاقات بھی کی۔
لی چی یانگ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان اور ہانگ کانگ کئی شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک میں تجارت کے فروغ کے وسیع امکانات ہیں اورہانگ کانگ کے تاجر سی پیک منصوبے میں حصہ لیں۔
گزشتہ روز وزیراعظم نے چین کے صوبے ژی جیانگ کے شہر ہینگ ژو میں ای کامرس کمپنی علی بابا کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ چیئرمین جیک ما نے ان کا استقبال کیا اور انہیں کمپنی کی تاریخ اور اس کے دائرہ کار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کمپنی کی کارکردگی اور ای کامرس کے شعبے میں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان میں ای کامرس کے شعبے میں سرمایہ کاروں کیلئے وسیع مواقع ہیں کیونکہ ای کامرس کے ذریعے وقت کی بچت اور معلومات تک آسان رسائی ممکن ہوتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا موجودہ دور میں ای کامرس کسی بھی معیشت کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور ہمارا مقصد عوام کو بااختیار بنانا اور معیشت کو مضبوط کرنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان ایک ابھرتی معیشت ہے حکومت عوام کی خوشحالی کیلئے کوشاں ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے مزید کہا کہ جنوری میں علی بابا گروپ کے چیئرمین سے ہونے والی ملاقات مفید ثابت ہوئی۔ گروپ کے ایگزیکٹو چیئرمین کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ اس موقع پر کمپنی کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے پاکستان کی طرف سے وزیر تجارت خرم دستگیر نے دستخط کئے اور وزیراعظم بھی تقریب میں موجود تھے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں