شکارپور: پاکستان کے سب سے طویل القامت شخص نصیر سومرو 55 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
نصیر سومرو کے بھائی ریاض سومرو کے مطابق وہ کئی ماہ سے پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور ان کا گھر میں علاج جاری تھا۔ ان کی نماز جنازہ کل صبح شکارپور میں ادا کی جائے گی۔
نصیر سومرو کا قد 7 فٹ 9 انچ تھا اور وہ دنیا کے دراز قد افراد میں شمار کیے جاتے تھے۔ ان کی قد آور شخصیت کے باعث قومی ایئر لائن پی آئی اے نے انہیں ملازمت بھی دی تھی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے نصیر سومرو کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
پاکستان کے عوام بھی نصیر سومرو کے انتقال پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کی یادیں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔