اسلام آباد:انٹرنیٹ آج کے دور میں زندگی کا ایک لازمی جزو بن چکا ہے، تاہم اکثر صارفین وائی فائی کی سست رفتاری کی شکایت کرتے ہیں، جس کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں۔ ماہرین نے وائی فائی کی رفتار بہتر بنانے کے لیے چند اہم تجاویز پیش کی ہیں۔
ماہرین کے مطابق راؤٹر کو درست جگہ پر رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ دیواروں، فرش یا دھات کے قریب راؤٹر رکھنے سے سگنلز متاثر ہوتے ہیں، اس لیے اسے کھلی جگہ پر رکھا جائے۔ اسی طرح راؤٹر کا انٹینا بدلنے سے بھی سگنلز کی کوالٹی میں بہتری آسکتی ہے۔
ماہرین نے تجویز دی کہ دیگر برقی آلات سے مداخلت کم کرنے کے لیے اگر ممکن ہو تو راؤٹر کو 2.4 گیگا ہرٹز سے 5 گیگا ہرٹز بینڈ پر منتقل کیا جائے، کیونکہ مائیکروویو اوون اور دیگر وائرلیس ڈیوائسز بھی 2.4 گیگا ہرٹز پر کام کرتی ہیں، جو نیٹ ورک میں مداخلت کا باعث بنتی ہیں۔
وائی فائی کی رفتار کم ہونے کی ایک اور وجہ غیرضروری ڈیوائسز بھی ہوسکتی ہیں، اگر نیٹ ورک اوپن ہے یا پاس ورڈ کمزور ہے تو کوئی اور بھی اسے استعمال کرسکتا ہے، جس کی وجہ سے انٹرنیٹ سست ہوسکتا ہے۔ اس مسئلے سے بچنے کے لیے ایک مضبوط پاس ورڈ رکھنا ضروری ہے۔
ماہرین نے مزید کہا کہ اگر راؤٹر پرانا ہو تو نئے اور جدید راؤٹر کا استعمال کیا جائے تاکہ انٹرنیٹ اسپیڈ متاثر نہ ہو۔ اس کے علاوہ، اگر کوئی اور طریقہ کارآمد نہ ہو تو وائی فائی ایکسٹینڈر کا استعمال بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
آخر میں، اگر وائی فائی کی رفتار بار بار کم ہو رہی ہو تو راؤٹر کو ری اسٹارٹ کرنا بھی ایک آسان حل ہے، کیونکہ اس سے کم مداخلت والے چینل کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ تاہم، ایسا بار بار کرنے کے بجائے کبھی کبھار کرنا بہتر ہوتا ہے۔