بنوں کینٹ حملے میں ملوث افغان دہشت گردوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

10:42 PM, 17 Mar, 2025

بنوں:بنوں کینٹ حملے میں مارے جانے والے مزید تین افغان دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی ہے، جس کے بعد شناخت شدہ دہشت گردوں کی تعداد پانچ ہو گئی۔

 تفتیشی ذرائع کے مطابق   ہلاک دہشت گردوں کا تعلق افغانستان کے مختلف اضلاع سے تھا۔ ایک حملہ آور کی شناخت عبدالرزاق حجران کے نام سے ہوئی، جو افغان صوبہ پکتیا کے ضلع زرمت میں کالاگو بازار کا رہائشی تھا۔

تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ حملے میں ہلاک خودکش بمبار انصار اللہ عرف طیب کا تعلق میدان وردگ سے تھا، جب کہ ایک اور دہشت گرد عتیق اللہ صافی کابل کے پل چرخی علاقے کا رہائشی تھا۔

ذرائع کے مطابق عتیق اللہ صافی نے کالعدم گل بہادر گروپ کے دہشت گردوں کی نگرانی میں عسکری تربیت حاصل کی تھی، جب کہ حملے کے بعد کابل کی ایک مسجد میں اس کے لیے دعائیہ تقریب بھی منعقد کی گئی۔

یاد رہے کہ 4 مارچ کو بنوں کینٹ کی دیوار کے قریب دو خودکش حملے کیے گئے تھے، جس کی ذمہ داری کالعدم گل بہادر گروپ نے قبول کی تھی۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں تمام 16 حملہ آور مارے گئے تھے۔

تفتیشی ادارے مزید تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ حملے کے دیگر عوامل اور دہشت گرد نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔
 


 

مزیدخبریں