قومی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس، پارلیمنٹ ہاؤس میں سخت سیکیورٹی

قومی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس، پارلیمنٹ ہاؤس میں سخت سیکیورٹی

اسلام آباد: قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس اور اطراف میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اجلاس میں اعلیٰ حکومتی اور عسکری قیادت شریک ہوگی، جہاں ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز اور ان کے نامزد نمائندے شرکت کریں گے۔ عسکری قیادت پارلیمانی کمیٹی کو ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے اقدامات پر بریفنگ دے گی۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران میڈیا کو پارلیمنٹ کی عمارت تک رسائی نہیں ہوگی جبکہ میڈیا کے جاری کردہ کارڈز بھی غیر موثر رہیں گے۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق، اجلاس میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی اور قومی اسمبلی ہال کے اندر موبائل فون لے جانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔