زیادہ گھی کھانے سے قبل از وقت موت کا خطرہ 15 فیصد بڑھ سکتا ہے: تحقیق

زیادہ گھی کھانے سے قبل از وقت موت کا خطرہ 15 فیصد بڑھ سکتا ہے: تحقیق

نیویارک: ایک حالیہ طبی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گھی کے زیادہ استعمال سے قبل از وقت موت کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جبکہ ویجیٹیبل آئلز کے استعمال سے امراضِ قلب اور کینسر سے بچاؤ میں مدد مل سکتی ہے۔

امریکا کے بریگھم اینڈ ویمنز ہاسپٹل میں کی گئی تحقیق میں 2 لاکھ سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا، جن کی صحت اور غذائی عادات کا مشاہدہ 30 سال تک کیا گیا۔

تحقیق کے مطابق، جو افراد زیادہ مقدار میں گھی استعمال کرتے ہیں ان میں قبل از وقت موت کا خطرہ 15 فیصد زیادہ ہوتا ہے، جبکہ ویجیٹیبل آئلز جیسے سویابین، کینولا اور زیتون کے تیل کا استعمال اس خطرے کو 16 سے 17 فیصد تک کم کر سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گھی کا مکمل ترک کرنا ضروری نہیں، مگر اس کا استعمال محدود رکھنا چاہیے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ صحت مند زندگی گزارنے کے لیے نباتاتی آئلز کو ترجیح دی جائے۔

اس تحقیق کے نتائج معروف طبی جرنل جاما انٹرنل میڈیسن میں شائع کیے گئے ہیں۔