بانی پی ٹی آئی سےملاقاتوں کے کیسز یکجا کرکے لارجر بنچ بنانے کی ہدایت

02:18 PM, 17 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد  : اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں کے کیسز یکجا کرنے کی درخواست پر فیصلہ دیتے ہوئے لارجر بنچ تشکیل دینے کی ہدایت کر دی ہے۔ یہ فیصلہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی درخواست پر کیا گیا، جس میں کہا گیا تھا کہ مختلف بنچز میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے کیسز زیر سماعت ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ اس درخواست کی سماعت کی۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، عبد الغفور انجم کی جانب سے نوید ملک ایڈووکیٹ پیش ہوئے، جنہوں نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ملاقاتوں کے ایس او پیز انٹرا کورٹ اپیل میں طے ہو چکے ہیں اور درخواستوں کو یکجا کر کے ایک ہی بنچ میں سماعت کی جائے۔

وکیل نے مزید کہا کہ اڈیالہ جیل کے ہزاروں قیدیوں کے معاملات دیکھنا سپرنٹنڈنٹ کی ذمہ داری ہے، اور انہیں ہر ہفتے اسلام آباد ہائی کورٹ آنا پڑتا ہے۔ ایک ہی بنچ میں کیسز کے مقرر ہونے سے یہ عمل سہل ہو جائے گا۔ عدالت نے اس درخواست پر غور کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے کیسز یکجا کر کے لارجر بنچ بنانے کی ہدایت کی۔

مزیدخبریں