نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے یمن میں جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکا اور یمنی حوثیوں سے حملے روکنے کی اپیل کی ہے۔
گوتریس نے کہا کہ وہ یمن پر امریکی حملوں پر فکر مند ہیں اور ساتھ ہی حوثیوں کی جانب سے جہازوں پر حملے کی دھمکیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن میں فوجی مہم جوئی کے نتیجے میں حالات مزید کشیدہ ہو سکتے ہیں اور خطے میں عدم استحکام بڑھ سکتا ہے۔
سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ یمن سے تصادم پورے خطے کو آگ میں جھونک سکتا ہے، کیونکہ مشرق وسطیٰ میں پہلے ہی انسانی صورتحال غیر مستحکم ہے۔ گوتریس نے کہا کہ حملوں کی بجائے صبر و تحمل سے کام لیا جانا چاہیے تاکہ کشیدگی میں مزید اضافہ نہ ہو۔