لاہور: ایمنسٹی انٹرنیشنل نے حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) کو فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سول سوسائٹی کی 28 تنظیموں کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے ہیں جس میں پاکستانی حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ’ایکس‘ تک رسائی بحال کریں۔
مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ایسی کارروائیاں نہ صرف آزادی اظہار اور معلومات تک رسائی جیسے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہیں بلکہ ملک کے اندر مختلف آوازوں سمیت حقیقی سیاسی بات چیت کو دبانے کی ایک مثالی کوشش کی۔
بیان میں نشاندہی کی گئی کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف مختلف سیاسی جماعتوں کی رائے کو دبانے کی کوشش ہے بلکہ غلط معلومات بھی پھیلنے کا خدشہ ہے۔بیان میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی خاموشی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے ایکس کی بندش سے متعلق کوئی وجہ نہیں بتائی اور پورے انٹرنیٹ پلیٹ فارم کو بلاک کر کے اپنے اختیار سے تجاوز کیا۔یاد رہے کہ پاکستان بھر میں ایکس کی سروس 17 فروری سے بند ہے اور سندھ ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود تاحال بحال نہ ہوسکی ہے۔