اسلام آباد: سکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کیخلاف درج توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت اسلام آباد کچہری کے بجائے سیکٹر جی الیون میں قائم جوڈیشل کمپلیکس میں ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق چیف کمشنر نے خصوصی اختیارات کے تحت ایک کیس کیلئے عدالت منتقل کرنے کی منظوری دیدی جس کے بعد ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال ایف 8 کچہری کے بجائے جوڈیشل کمپلیکس میں عمران خان کیخلاف درج مقدمے کی سماعت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی عدالت میں پیشی کے باعث اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جس کے تحت اسلحے کی نمائش اور ساتھ لے کر چلنے پر پابندی ہو گی جبکہ گاڑی سڑک پر نکلنے والوں کی لیے ملکیتی ثبوت رکھنا لازمی ہو گا۔
عدالتی پیشی کے سبب ٹریفک پلان جلد ہی جاری کر دیا گیا ہے جس میں شہریوں کو جی الیون اور جی 10 کی طرف غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ شہری کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں اور چیکنگ کے دوران پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔