لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے دوسرے ایلی مینیٹر میچ میں لاہور قلندرز نے دلچسپ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محمد حارث کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔
محمد حارث نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 2 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 85 رنز بنائے جبکہ بابراعظم 42، صائم ایوب 9 اور بھانوکا راجاپاکسا نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے زمان خان سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 3 اوورز میں 20 رنز کی بدولت 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور راشد خان نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
لاہور قلندرز کی ٹیم نے مقررہ ہدف 18.5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے میچ جیتنے کیساتھ فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا۔ مرزا طاہر بیگ 42 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں سے 54 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ فخر زمان 6، احسن بھٹی 15، عبداللہ شفیق 10، سیم بلنگز 28، سکندر رضا 23 اور ڈیوڈ ویزے 9 اور شاہین شاہ آفریدی نے 11 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی 4 اوورز میں 30 رنز کے عوض 2 وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ وہاب ریاض، عامر جمال اور سلمان ارشاد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ میچ کیلئے پشاور زلمی کی قیادت بابراعظم نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حارث، صائم ایوب، ٹام کوہلر کیڈمور، حسیب اللہ، بھانوکا راجاپاکسا، عامر جمال، وہاب ریاض، عظمت اللہ عمرزئی، مجیب الرحمن اور سلمان ارشاد شامل تھے۔
لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، طاہر بیگ، عبداللہ شفیق، سیم بلنگز، احسن حفیظ بھٹی، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان شامل تھے۔