لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا قافلہ لاہور ہائیکورٹ پہنچ گیا ہے جبکہ عدالت نے ان کی گاڑی کو احاطہ عدالت میں داخل ہونے کی اجازت بھی دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کا 2 رکنی بینچ عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ 2 رکنی بینچ جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل ہے جو انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت درج 7 مقدمات میں حفاظتی ضمانت پر سماعت کرے گا۔
ذرائع کے مطابق عدالت نے عمران خان کی بلٹ پروف گاڑی کو احاطہ عدالت میں داخل ہونے کی اجازت بھی دیدی ہے جبکہ سیکورٹی کے پیش نظر عدالت کے باہر اینٹی رائٹ فورس بھی تعینات کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 رکنی بینچ کے بعد جسٹس طارق سلیم شیخ دو مقدمات میں حفاظتی ضمانت پر سماعت بھی کریں گے۔