بیجنگ : چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ صدر شی جن پنگ روسی ہم منصب کی درخواست پر 20 سے 22 مارچ کے دوران روس کا دورہ کریں گے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے، مگر اس حوالے سے تاحال کسی قسم کی وضاحت نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ یہ فروری 2022 میں یوکرین پر حملے کے بعد چینی صدر کا پہلا دورہ روس ہوگا۔ اس سے پہلے ستمبر 2022 میں چین کے صدر نے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ازبکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی تھی۔