لاہور :نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کوٹ لکھپت جیل کا اچانک دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ کے دور ہ کے دوران ہوش ربا انکشافات سامنے آئے ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے 2 گھنٹے تک کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کیا، انہوں نے مرد و خواتین قیدیوں کے مسائل سنے اور جیل میں سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا ۔
وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران ایک چارپائی پر تین تین خواتین قیدیوں کو سلانے ، سزائیں پوری ہونے کےباوجود جیل میں قیدیوں کی موجودگی اور متعدد قیدیوں کی اپیلیں دس سال تک نہ لگنے اور والد کے انتقال کے باوجود خاتون قیدی کو پیرول پر رہائی نہ ملنے جیسے ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں ۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 3 خواتین قیدیوں کے لئے ایک چارپائی ظلم کی انتہا ہے ،جس قیدی خاتون کے والد انتقال کر گئے ہیں اس کو پیرول پر رہاکرنے کا فوری انتظام کیا جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سزائیں پوری کرنے والے قیدیوں کی رہائی کے لیے عدلیہ سے بات کریں گے۔وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر کو بھی فوری طلب کیا اور انہیں مسائل حل کرنے کیلئے ہدایات دیں۔
نگران وزیراعلیٰ نے جیل اسپتال کا بھی دورہ کیا ،مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے سے متعلق سہولتوں کا جائزہ لیا۔محسن نقوی نے خواتین قیدیوں کے ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر اور ڈے کیئر سنٹر کا بھی دورہ کیا۔جیل انتظامیہ کو قیدی خواتین کے بچوں کا ہر طرح کا خیال رکھنے کی ہدایت کی ۔