اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سندھ ہاﺅس اسلام آباد میں خرید و فروخت کی منڈی لگی ہوئی ہے اور 300 سے 400 پولیس اہلکار بلائے گئے ہیں مگر کوئی بات نہیں، تحریک عدم اعتماد میں عمران خان سرخرو ہوں گے، 25 مارچ کے بعد شیخ رشید کا سیاسی گنڈاسا باہر نکل آئے گا اور میں خبریں دوں گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 25 مارچ کو اپوزیشن کا جلسہ ہو گا اور 27 مارچ کو ڈی چوک میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا جلسہ ہو گا ، امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا وزارت داخلہ کی ذمہ داری ہے، اس لئے سیکیورٹی فراہم کریں گے، سیاسی دنگل اسلام آباد میں ہونا ہے اور اس میں اپوزیشن کو شکست ہو گی۔
تحریک عدم اعتماد سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 25 تاریخ سے مطلع صاف ہو جائے گا اور اتحادی عمران خان کا ساتھ دیں گے، تحریک عدم اعتماد میں عمران خان سرخرو ہوں گے، ضمیر فروشوں کو کبھی عزت نہیں ملتی اور ان کا فیصلہ قوم کرے گی۔ میں عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں، نسلی اور اصلی لوگ امتحان کے وقت ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی بلی بھی تھیلے سے نکل آئی کہ قومی حکومت بنے گی جبکہ 2 دن بعد یہ کہیں گے کہ ٹیکنو کریٹس کی حکومت بنے گی، یہاں کوئی اندھیر نگری نہیں، شہباز شریف ایکسپوز ہو گئے ہیں، ووٹ کو عزت دو کے نعرے کہاں گئے؟ ساڑھے تین سال یہ لوگ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہے اور اب یہ مولانا جٹ بننے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 25 تاریخ سے مطلع صاف ہو جائے گا، 25 مارچ کے بعد شیخ رشید کا سیاسی گنڈاسا باہر ہو گا اور پھر میں خبریں دوں گا، اپوزیشن کو مشورہ ہے کہ تصادم کی طرف نہ جائیں، ورنہ جھاڑو پھر جائے گا۔ کل میڈیا کے ذریعے پتہ چلا کہ پیپلز پارٹی نے ٹی وی ڈرون کیمرے کی تحقیقات کیلئے ڈی جی آئی ایس آئی کو خط لکھا، کل کہیں گے اسمبلی تک پہنچانے کیلئے بھی آئی ایس آئی آئے۔