اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں عائد پابندیاں ختم کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق لازمی ویکسین کی شرط برقرار ہے اور ماسک پہننے کا عمل بھی جاری رہے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ویکسین شدہ افراد کیلئے ہر قسم کی کورونا پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں اور صرف مکمل ویکسین شدہ افراد شادی تقریبات اور ڈائن ان کر سکیں گے جبکہ سینما گھروں، مزارات، دفاتر اور دیگر جگہوں پر بھی جا سکتے ہیں تاہم مساجد اور عبادت گاہوں میں پری کویڈ ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا ہو گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے ملک بھر میں تمام کورونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی آئی ہے تاہم ابھی یہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے کی پابندی برقرار رہے گی کیونکہ ہوسکتا ہے پابندیاں ختم کرنے سے وبا میں کچھ اضافہ ہو، لیکن ہم دوبارہ بھی اقدامات کرسکتے ہیں تاہم اس سے مقابلہ کرنے کیلئے ویکسی نیشن کا عمل جاری رکھا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے این سی او سی کی ہدایات پر بہت حد تک عمل کیا، لہٰذا جتنی پابندیاں لگائی تھیں وہ ختم کی جا رہی ہیں، شادی کی تقریبات، مارکیٹس، بازاروں، آﺅٹ ڈور ایونٹس، کھیلوں کی سرگرمیوں، مذہبی اجتماعات پر لگی تمام پابندیاں ختم کر رہے ہیں۔