اپوزیشن کا ایجنڈا صرف عمران خان کو ہٹانا ہے، ضمیر فروش ارکان اسمبلی کو کوئی نہیں روک سکتا: وزیر خارجہ

11:32 AM, 17 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ضمیر بیچنے والے ارکان اسمبلی کو کوئی روک نہیں سکتا، اپوزیشن کا یک نکاتی ایجنڈا صرف وزیراعظم پاکستان عمران خان کو ہٹانا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہر منتخب نمائندے کو ووٹرز کا احساس ہوتا ہے اور ہر منتخب نمائندہ محترم ہے جو لاکھوں لوگوں کی نمائندگی کرتا ہے مگر ضمیربیچنے والے ارکان اسمبلی کوکوئی نہیں روک سکتا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا جھنڈا ایک، نہ نظریہ اورنہ ہی ایجنڈا ایک ہے بلکہ اپوزیشن کا ایک نکاتی ایجنڈا صرف وزیراعظم عمران خان کو ہٹانا ہے، دیکھنا ہے کہ عدم اعتماد کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے، میرے خیال میں چوہدری برادران بڑے وضع دار ہیں اور وہ مناسب وقت پر درست فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جتنا نقصان جمہوریت کو آج ہورہاہے تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، پیپلز پارٹی جمہوریت کی علمبردار بن کر جمہوریت کو نقصان پہنچارہی ہے، بلاول ابھی بچہ ہے اور ناسمجھ ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپنے اتحادیوں سمیت سب سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان ہمارے محترم اتحادی ہیں اور پچھلے ساڑھے تین سال سے وہ ہمارا بھرپور ساتھ دیتے آ رہے ہیں، اس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

مزیدخبریں