اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کا زور ٹوٹ گیا ، گزشتہ روز وائرس سے ہونیوالی اموات اور مثبت کیسز کی شرح میں نمایاں کمی آگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی ) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 30 ہزار 319 ہو گئی ۔
کورونا کی تشخیص کیلئے ملک بھر میں مزید38 ہزار595ٹیسٹ کیے گئے جس میں514افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔مثبت کیسز کی شرح ایک عشاریہ 33 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔ این سی او سی کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے شکار546مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جو اس وقت آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا کی صورتحال میں بہتری کے بعد گزشتہ روز ملک بھر میں عائد تمام پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وباءکا پھیلاؤ کم ہو رہا ہے اور ہسپتالوں میں مریضوں کے آنے کی شرح میں کمی ہوئی ہے مگر ابھی یہ موذی وائرس مکمل طور پر ختم نہیں ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کورونا وباءسے نکل کر معمول کی زندگی کی طرف جانا ہے اس لئے کورونا وائرس میں کمی کے باعث تمام پابندیاں ختم کی جا رہی ہیں۔ شادی تقریبات، مارکیٹس پر لگی تمام پابندیاں ختم کر رہے ہیں تاہم ویکسین لگوانے کی پابندی برقرار رہے گی۔