اسلام آباد: ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے سبب گاڑی خریدنابھی خواب بن کر رہ گیا ہے تاہم اب سوزوکی گاڑی خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک اچھی خبر آئی ہے۔سیلز ٹیکس میں پانچ فیصدکمی کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوزوکی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس 17 فیصد سے کم کرکے 12 فیصد کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے بعد قیمت میں کمی سے شہریوں کا گاڑی خریدنے کا خواب پورا ہو سکے گا۔
اس حوالے سے وفاقی ٹیکس محتسب آصف محمود جاہ نے کہا ہے کہ ٹیکس میں کمی کی منظوری صدر عارف علوی نے دی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ معاملے پر 24 شکایات درج کروائی گئی تھیں جس کے بعد صارفین کو پانچ فیصد اضافی ٹیکس واپس کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے استعمال شدہ گاڑیوں کی فروخت اور خریداری کے لیے اپنے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں ترمیم کے بعد پیدا ہونے والی غلط فہمی پر وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ بورڈ نے مزید ٹیکس لگانے کے بجائے رعایت میں توسیع کی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ترمیم سے پہلے فروخت کی رقم کی کل مالیت پر 17 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہوتا تھا۔