لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے باعث تشویشناک صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور سب سے بڑے سرکاری ہسپتال میں بستر کم پڑ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) میو ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میو ہسپتال میں کورونا کے مریض مسلسل آ رہے ہیں لیکن جگہ ختم ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا مریضوں کیلئے 400 بیڈز کا خصوصی وارڈ بھر چکا ہے اور تمام وینٹی لیٹرز پر بھی مریض ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کا کہنا تھا کہ میو ہسپتال میں کورونا کے مزید مریض داخل کرنے کی گنجائش نہیں جبکہ سر گنگا رام ہسپتال انتظامیہ نے بھی ان کے بھجوائے گئے کورونا مریضوں کو لینے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد وائرس کا شکار مریضوں کو یکی گیٹ اور کوٹ خواجہ سعید ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔