لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیئرمین احسان مانی 2023ءمیں پاکستان میں شیڈول ایشیاءکپ اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی میزبانی کیلئے پرامید ہیں جن کا کہنا ہے کہ امید ہے ٹورنامنٹ کے انعقاد تک سیاسی صورتحال بہتر ہو جائے گی اور بھارتی ٹیم بھی پاکستان آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ پاکستان کو دو سالوں میں ٹورنامنٹ کے میزبانی کے حقوق مل جائیں، پاکستان کو 2023ءمیں ایشیاءکپ کی میزبانی کرنی ہے، ٹورنامنٹ میں بھارتی شرکت پاکستان کرکٹ کیلئے ایک بہت بڑی پیش رفت ہو گی، مجھے امید ہے کہ تب تک سیاسی صورتحال بہتر ہوجائے گی، کچھ حالیہ پیش رفتوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے مابین برف پگھلنا شروع ہوگئی ہے۔
سری لنکا میں رواں سال کے ایشیاءکپ کے بارے میں احسان مانی نے کہا کہ پاکستان کے پاس اس کیلئے وقت نہیں ہے، جون میں ایک چھوٹی سی ونڈو تھی جس میں ہم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بقیہ میچز کھیلنے جا رہے ہیں، ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ چیمپین شپ کا فائنل کھیلے گی ،انہیں دو ہفتے قبل انگلینڈ جانا ہے اور قرنطینہ میں رہنا ہے لہٰذا ہندوستانی ٹیم بھی مصروف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سال ایشیاءکپ ہونے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور اس کی بجائے سری لنکا 2022ءمیں اس ایونٹ کی میزبانی کرے گا، لیکن اہم بات یہ ہے کہ تمام ٹیموں کیلئے ٹورنامنٹ میں حصہ لینا بہت ضروری ہے تاکہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو معقول آمدنی حاصل ہو سکے، ایشیا کپ سے حاصل ہونے والی رقم کرکٹ کے فروغ کیلئے ایسوسی ایٹ ممالک کو فراہم کی جاتی ہے۔