مدھیہ پردیش میں کانگریس کے مقامی رہنما کو قتل کردیا گیا

مدھیہ پردیش میں کانگریس کے مقامی رہنما کو قتل کردیا گیا
سورس: File photo

نئی دہلی ، بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں کانگریس رہنما کو گولی مار کر قتل کردیا گیا 

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے گاؤں چھترپور ضلع میں کانگریس کے مقامی صدر اندرپرتاپ سنگھ بندیلا کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ واقعہ کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے باآسانی فرار ہوگئے ۔ 

تفصیلات کے مطابق مدھیہ پردیش کے علاقے چھترپور میں نامعلوم افرا دنے اپوزیشن کے اہم رہنما اندرپرتاپ سنگھ بندیلا پر اندھادھند فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا ۔وہ دوستوں کے ساتھ ایک چائے کے ہوٹل میں بیٹھے تھے جہاں ان کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ۔  ان کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے ۔ان کے رشتہ داروں نے ہسپتال میں ہنگامہ آرائی بھی کی ۔ کانگریس کے مقامی رہنما کی ہلاکت کے واقعہ کے بعد  علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ۔ 

سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے قتل کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں قانون کی حالت انتہائی فکر انگیز ہے، انہوں نے کہا کہ آج ریاست میں کوئی بھی محفوظ نہیں، میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ملزمان کو فوری طور  پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔