دو جاہل آپس میں خط لکھ رہے ہیں اس سے مسائل حل نہیں ہوں گے، شاہد خاقان عباسی

07:49 PM, 17 Mar, 2021

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دو جاہل جو آپس میں خط لکھ رہے ہیں اس سے مسئلے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں الیکشن چوری کرن ےکا نیا ذریعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور جو خود متنازع الیکشن کے نتیجے میں اقتدار میں آئے وہ انتخابی اصلاحات کی بات کر رہے ہیں ۔ انتخابی نظام میں شفافیت لانی ہے تو پریزائیڈنگ افسر کو اٹھانے والوں اور کیمرے لگانے والوں کو  پکڑیں۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ پی ڈی ایم کے کل کے اجلاس میں اتفاق رائے نہیں ہو سکا لیکن پی ڈی ایم متحد ہے اور ہمارا سفر جاری رہے گا۔ پی ڈی ایم کی کامیابی یہ ہےکہ جو باتیں بند کمروں میں ہوتی تھیں وہ آج عوام کے سامنے ہو رہی ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم نے انتخابی اصلاحات پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو خط لکھا۔ خط میں ان کی جانب سے لکھا گیا کہ حالیہ سینیٹ انتخابات میں ایک مرتبہ پھر پیسہ چلا اور کرپٹ پریکٹس کو روکنے کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں۔

 زیراعظم کا کہنا تھا کہ آئندہ عام انتخابات سےقبل انتخابی اصلاحات چاہتے ہیں، شفافیت کو برقرار رکھنےکےلیے ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیرہے اور سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ بیلٹ کی سیکریسی دائمی نہیں ہے۔

خط کے متن کے مطابق وزیراعظم نے اسپیکر سے کہا ہے کہ ووٹنگ میں کرپشن کا باعث بننے والے تمام عوامل کو ختم کیا جائے اور ہم نے قومی اسمبلی میں بل بھی متعارف کرایا اور سپریم کورٹ بھی گئے تاہم بدقسمتی سے الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کوئی توجہ نہ دی۔

ان کا خط میں مزید یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ انتخابی نظام کی وجہ سے  انتخابات کی ساکھ تباہ ہونا شروع ہو گئی ہے اور وزیراعظم نے اسپیکر سے بحث کے لیے بین الجماعتی پارلیمانی کمیٹی بنانے کی درخواست کی ہے۔

مزیدخبریں