دہلی: بھارت میں انسانیت سوز واقعات کا پیش آنا کوئی نئی بات نہیں اور اکثر ایسے واقعات سننے کو ملتے ہیں کہ انسان دہل جاتا ہے، ایسا ہی ایک اور واقعہ پیش آیا ہے جس دوران بدبخت بیٹے کے تھپڑ سے اس کی 76 سالہ ماں زندگی کی بازی ہار گئی۔
تفصیلات کے مطابق حرص و طمع کے باعث خون سفید ہو جانا معمول بن چکا ہے اور انسان کی آنکھوں پر غرور و تکبر کی ایسی پٹی بندھ جاتی ہے جو اسے اندھا کر دیتی ہے جبکہ روانہ کی بنیاد پر ہی ایسے واقعات بھی پیش آتے ہیں اور اب ایسا ہی ایک واقعہ بھارت میں بھی پیش آیا جس نے لوگوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست دہلی کے علاقے دوارکا میں بدبخت بیٹے نے اپنی ضعیف ماں کو تھپڑ رسید کیا تو وہ نیچے گرگئی جس پر انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گئیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک شخص اپنی ماں کے ساتھ ایک گیٹ کے باہر کھڑا تھا جہاں اس کے ساتھ ایک اور خاتون (ممکنہ طور پر اس کی اہلیہ) بھی موجود تھی، وہ شخص مسلسل دروازہ بجارہا ہے اور ساتھ میں اپنی والدہ سے کسی موضوع پر بحث بھی کررہا تھا۔
بحث کے دوران اچانک غصے میں آکر مذکورہ شخص نے اپنی والدہ کو تھپڑ رسید کر دیا اور اس دوران اس کی اہلیہ نے اسے روکنے کی کوشش بھی کی مگر ضعیف والدہ اپنے بیٹے کے تھپڑ کی تاب نہ لا سکی اور نیچے گر گئی، وہاں موجود دوسری خاتون انہیں اٹھانے کی ناکام کوشش کرتی ہیں تاہم بعد ازاں ضعیف خاتون کو ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گئی۔