ایئر مارشل ظہیر احمد بابر پاک فضائیہ کے نئے سربراہ مقرر

06:33 PM, 17 Mar, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ائیر مارشل ظہیر احمد بابر  کو پاک فضائیہ کا نیا سربراہ مقرر کر دیا۔

ائیرمارشل ظہیر احمد بابر پاک فضائیہ کے نئے سربراہ ہوں گے جن کی تقرری کی منظوری وزیر اعظم عمران خان نے دے دی ہے۔ان کو   ائیر چیف مارشل کے عہدے پر ترقی دی جائے گی۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق نئے سربراہ 19 مارچ کو عہدہ سنھالیں گے۔

ظہیر احمد بابر ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف ایڈمن کے طور پر کام کر رہے تھے۔ انہوں نے 1986ء میں پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر فائٹر سکوارڈرن، آپریشنل ائیربیس اور ریجنل ائیر کی کمانڈ بھی کر چکے ہیں۔

اس کے علاوہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اسسٹنٹ چیف آف ائیر سٹاف آپریشن و ریسرچ اور ترقی کے طور پر بھی خدمات دے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ  پاک فضائیہ کی کمان کی تبدیلی 18 مارچ کو ہو گی اور ایئر چیف کمان نئے سربراہ کو سونپیں گے ۔ پاک فضائیہ کے 22 ویں سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فوج کے سربراہ  جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی  لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے الوداعی ملاقاتیں کیں۔ 

19 مارچ 2018ء کو ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں چینج آف کمانڈ کی پروقار تقریب میں پاک فضائیہ کی کمان سنبھالی تھی۔ 

ایئر مارشل مجاہد انور خان نے پی اے ایف کی جی ڈی پی برانچ میں دسمبر 1983 میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ ایئر وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔ ایئر مارشل مجاہد انور خان نے اعزازی شمشیر اور بیسٹ پائلٹ ٹرافی بھی حاصل کی جبکہ انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گولڈ میڈل بھی حاصل کیا۔ ایئر مارشل مجاہد انور خان کوالیفائیڈ فلائنگ انسٹرکٹر ہیں۔ ایئر مارشل مجاہد انور خان کو شاندار خدمات کے اعتراف میں ہلال امتیاز (ملٹری)، ستارۂ امتیاز اور تمغہ امتیاز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

مزیدخبریں