اسلام آباد، وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے لانگ مارچ ملتوی کرنے سے سیاست میں سکون آگیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پاکستانیوں کے لیے کویتی ویزے جلد کھلنے جارہے ہیں۔پاکستانیوں کے لیے 2011 سے کویت کے ویزے بند ہیں جو جلد کُھلنے والے ہیں۔ وزارت داخلہ میں 18،18 سال سے بیٹھے افسروں کو تبدیل کریں گے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم نے مارچ ملتوی کر کے بہت اچھا فیصلہ کیا ہے، سیاست میں سکون آیا ہے اور آرام کے روزے گزریں گے، پی ڈی ایم سے کہوں گا کہ اسمبلی میں آئیں، پی ڈی ایم عمران خان کو شکست نہیں دے سکتی، عمران خان سیاسی طور پر ہیوی ویٹ لیڈر ہیں جو ان سے نہیں گریں گے۔ انہوں نے ملک کا کوئی کونہ نہیں چھوڑا جہاں انہوں نے 6 ماہ میں جلسہ نہ کیا ہو، ٹھنڈ سیاست میں سکون آیا ہے۔
پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنماؤں کے فیصلے کو سراہتا ہوں ۔ آصف زرداری نے جو فیصلہ کیا وہ انتہائی سوچ سمجھ کر کیا ہوگا۔ نواز شریف پاکستان آنے کا ارادہ کریں تو 24 گھنٹے کے اندر اندر سفری دستاویزات جاری کر دیں گے۔
وفاقی وزیر شیخ رشید نے دورہ قطر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا پیغام قطر پہنچا دیا ہے اور یہ کیا پیغام تھا اس کے بارے میں نہیں بتا سکتا۔
خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نومبر 2019 سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کا علاج جاری ہے۔