لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اس پی ڈی ایم لیگ میں چیمپئن بنی ہے۔ اس نے سینیٹ میں اپنے امیدوار بھی کامیاب کرائے اور سندھ حکومت بچا لی۔ مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ اپنی موت خود مرا ہے، ہمیں ان سے ہمدردی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات اپوزیشن اور پی ڈی ایم کے حوالے سے افسوسناک خبر آئی، 6 ماہ مصنوعی سانس پر رہنے کے بعد کل اس کی موت ہوگئی۔ وہ بیانیہ جو منافقت، فریب، دھوکا دہی، حسد، بغض اور ذاتی عناد سے جڑا تھا۔ جعلی راجکماری کی انتہا پسندی اور نفرت سے جڑی سیاست زمین بوس ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ کل ابو بچانے کیلئے جن کندھوں کو استعمال کرکے حکومت کو گھر بھیجنے کے دعوے کرتی رہیں، کل وہ مولانا فضل الرحمان کو سٹیج پرکھڑے ہو کر بلاتی اور نیا لارا لگانے کی کوشش کرتی رہی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس چوں چوں کے مربے میں ہر طرح کا ذاتی لالچ اور مفاد موجود تھا۔ پی ڈی ایم کے اچار میں ذاتی مفاد کی سیاست عروج پر تھی۔ آصف زرداری کو پی ڈی ایم کے میچ میں جیت ملی ہے۔ پی ڈی ایم کے انتشار کے بارے بارہا کہتی آئی ہوں۔ آصف زرداری کا نعرہ ہے مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں۔ ساتھ ہی ان کا کہنا ہے مرسوں مرسوں استعفے نہ ڈیسوں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ آصف زرداری نے آخری ترپ کا پتہ کل کے پی ڈی ایم اجلاس میں کھیلا۔ پاکستان نہ کھپے کا نعرہ لگانے والے جاوید لطیف نے مسلم لیگ (ن) کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکا۔ جاوید لطیف کے منفی نعرے سے مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا خاتمہ ہوگیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دوائی لینے گئے نواز شریف نے بیان دیا مریم کو نیب کی وجہ سے جان کا خطرہ ہے، نیب کسی کی جان نہیں لے سکتا اور نہ اسے یہ حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار سینیٹ الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ ڈالنے نہیں آئے، وہ جس دن پاکستان آئے گا اسی روز اپنا الزام قبول کرنا ہوگا۔ اسحاق ڈار ایک کرپٹ اور ضمیر فروش انسان ہے، جس دن وہ آئیں گے، پکڑے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو ورغلانا، اداروں کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنا، مافیاز کی سرپرستی کرنا ان کا وطیرہ رہا۔ مسلم لیگ (ن) ملکی سلامتی اور ملک دشمنی کے تمام کام کر چکی ہے۔ پنجاب حکومت اس کے بدلے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کر رہی ہے۔