عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت دن رات کام کر رہی ہے: وزیراعلیٰ محمود خان

02:21 PM, 17 Mar, 2021

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت دن رات کام کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ جب حکومت ملی اس وقت خیبر پختونخوا چھوٹا صوبہ تھا، تاہم فاٹا کے ضم ہونے کے بعد اب یہ بڑا صوبہ بن چکا ہے۔ محمود خان نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں وبا کی تیسری لہر چل رہی ہے، اس سے بچاؤ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملی تو 3 منصوبے میرے حصے میں آئے۔ بی آر ٹی میرے گلے میں ہڈی کی طرح اٹک گئی تھی۔ سب سے پہلے بی آر ٹی کے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی اور کامیاب ہوئے۔ صوبے کے عوام اب بی آر ٹی میں روزانہ سفر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسرا پراجیکٹ راشاکئی کا ملا جس پر کام جاری ہے۔ یہ منصوبہ تکمیل کے مراحل میں ہے، وزیراعظم اگلے ہفتے افتتاح کریں گے۔ راشاکئی منصوبہ منظور کرا کے اس کی تکمیل کرانے کا سہرا بھی پی ٹی آئی کے سر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوات ایکسپریس کے فیز ٹو کی جانب جا رہے ہیں جو مزید بہتر ہوگا۔ لوئر دیر میں بھی سڑکوں کے جال بچھانے جا رہے ہیں۔ نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں اکنامک زون کا افتتاح کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ صوبے کے دوسرے بڑے شہروں میں بہت جلد اکنامک زون بنائے جائیں گے۔ خیبرپختونخوا میں عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوشہرہ میں ہم الیکشن ہار گئے لیکن کرم میں پی ٹی آئی الیکشن جیت گئی۔ نوشہرہ کے الیکشن پر تو لوگ بات کرتے ہیں مگر کرم پر کوئی بات نہیں کی جاتی۔

محمود خان نے کہا کہ سابق خیبر پختونخوا حکومت کا حصہ رہا ہوں، اس دوران سینیٹ کے 2 انتخابات منعقد کرائے۔ سینیٹ کے ان انتخابات میں بھی پی ٹی آئی نے 10 سے زائد سیٹیں حاصل کیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ فاٹا کے حوالے سے انتظامی معاملات میں خیبر پختونخوا حکومت کا اہم کردار ہے۔ موجودہ سینیٹ انتخابات میں بھی تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا سے زیادہ سیٹیں حاصل کیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے خیبر پختونخوا میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کو اجاگر نہیں کیا گیا۔ صوبے کے عوام کو صحت، تعلیم اور روزگار کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ خیبر پختونخوا کے عوام کو صحت انصاف کارڈ حکومت کا بہت بڑا اقدام ہے۔ عوام صوبے سمیت ملک بھر کے کسی بھی ہسپتال میں کارڈ سے اپنا مفت علاج کرا سکتے ہیں۔

مزیدخبریں