اسلام آباد: رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا ہے کہ حکومت اپنے مفاد کی خاطر ملک کو آئینی بحران کی طرف دھکیل رہی ہے۔ایک آئینی، آزاد اور خود مختار ادارے کی توہین کی جا رہی ہے۔
شیری رحمان کی جانب سے جاری بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سمیت پوری ای سی پی کو دھمکایا جا رہا ہے۔ حکومت کی الیکشن کمیشن کیخلاف کارروائی کی دھمکی قابل مذمت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے مفاد کی خاطر ملک کو آئینی بحران کی طرف دھکیل رہی ہے۔ تاہم الیکشن کمیشن وزیراعظم عمران خان کی ایما پر چلنے کو تیار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کیخلاف حکومتی عدم برداشت حیران کن ہے۔ حکومت اداروں پر حملے کرکے ملک کو کہاں لے جا رہی ہے؟ حکومت ملک کو آئینی بحران کی طرف دھکیل رہی ہے۔
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ توہین عدالت کی کارروائی تو وزیراعظم کیخلاف ہونی چاہیے تھی۔ ایک خود مختار اور آئینی ادارے کو بلیک میل کرنا جرم ہے۔ حکومت اپنے غیر جمہوری اقدامات کا جائزہ لے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام جمہوری قوتیں الیکشن کمیشن کے ساتھ ہیں۔ حکومت سےاب آزاد ادارے برداشت نہیں ہوتے۔ عمران خان ادارے مضبوط کرنے کا دعویٰ کرتے تھے۔