بہادری دکھانے پر شہیدنعیم کو نیشنل ایوارڈ سے نوازاجائے گا:وزیراعظم عمران خان

بہادری دکھانے پر شہیدنعیم کو نیشنل ایوارڈ سے نوازاجائے گا:وزیراعظم عمران خان
کیپشن: تصویر ٹوئٹر

اسلام آباد:کرائسٹ چرچ مسجد میں سفید فام دہشتگرد کو روکتے ہوئے شہادت پانے والے پاکستانی نعیم راشد کیلئے وزیراعظم عمران خان نے قومی ایوارڈ کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرائسٹ چرچ حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں،بہادری دکھانے پر شہیدنعیم کو نیشنل ایوارڈ سے نوازاجائے گا۔

اپنے ٹوئیٹ میں وزیر اعظم نے کہاپاکستان کو سفید فام دہشت گرد کو روکنے کی کوشش کرنے پر شہید نعیم پر فخرہے،نعیم راشدسفیدفام دہشتگردکوروکتے ہوئے شہیدہوئے۔وزیراعظم نے کہا کہ نعیم راشدکی ہمت اوربہادری پرقومی ایوارڈدیاجائےگا، متاثرہ پاکستانی خاندانوں کےساتھ ہیں اور ہم متاثرین کے خاندان کی مددکیلئے تیارہیں۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں سفاک دہشتگر د کو روکتے ہوئے پاکستانی ڈاکٹر نعیم بیٹے طلحہٰ سمیت شہید ہوئے ۔پی ایچ ڈی سکالر ڈاکٹر نعیم نیوزی لینڈ کی یونیورسٹی میں پروفیسر تھے جبکہ 21سالہ طلحہ انجینئرنگ کے شعبے سے وابستہ تھا۔

شہید نعیم کے بھائی ڈاکٹر خورشید کا کہنا ہے ،بھائی کی اہلیہ نے شہادتوں کی تصدیق کی ہے ،بھابھی اور 2 بچے نیوزی لینڈ میں ہی مقیم ہیں ، لاشیں ابھی تک ورثا کے حوالے نہیں کی گئیں ۔

ڈاکٹر نعیم کی کزن اور خیبر پختونخوا اسمبلی کی سابق رکن آمنہ سردار کا کہنا ہے ، بھائی کی شہادت پر فخر ہے ، شہیدڈاکٹر نعیم اور طلحہ کی تدفین وہیں کی جائے گی جبکہ اہلخانہ نے وزارت خارجہ سے ویزے جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔