سانحہ کرائسٹ چرچ،دفتر خارجہ نے مزید 3 پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کردی،تعداد 9ہوگئی

سانحہ کرائسٹ چرچ،دفتر خارجہ نے مزید 3 پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کردی،تعداد 9ہوگئی

اسلام آباد:سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے جس کی دفتر خارجہ نے تصدیق کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اطلاع دی کہ کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملے کے نتیجے میں مزید 3 پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد میں فائرنگ کے بعد لاپتہ قرار دیئے گئے ذیشان رضا اور ان کے والدین کی شہادت کی تصدیق ہو گئی ہے۔ذیشان رضا ان کے والد غلام حسین اور والدہ کرم بی بی کو حکومت پاکستان نے پہلے لاپتہ قرار دیا تھا۔

اس سے پہلے حکومت نے گزشتہ روز سانحہ میں 6 پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق شہید پاکستانیوں میں سہیل شاہد، سید جہانداد علی، سید اریب احمد، محبوب ہارون، نعیم راشد اور ان کے بیٹے طلحہ نعیم شہید شامل ہیں۔ڈاکٹر فیصل کے مطابق شہید پاکستانیوں کے ناموں کا اعلان نیوزی لینڈ حکام نے کیا ، مزید 3 پاکستانی بھی لاپتہ ہیں جن کی شناخت کی کوشش جاری ہے۔

لاپتہ افراد میں ذیشان رضا اور ان کے والد و والدہ شامل ہیں۔دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ چھ پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈی این اے سے مزید تین افراد کی شناخت کی جائیگی۔

وزارت خارجہ نے شہدا کے اہلخانہ کو نیوزی لینڈ کا ویزا دینے کی سہولیات دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین نیوزی لینڈ کا وزٹ ویزا اپلائی کرسکتے ہیں جس کیلئے وہ www.immigration.govt.nz پر وزٹ کرسکتے ہیں۔