پی ایس ایل تھری: پشاور زلمی کے تمام کھلاڑی پاکستان آئیں گے

08:25 PM, 17 Mar, 2018

شارجہ: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے اختتامی میچز کے لیے پشاور زلمی کے تمام کھلاڑی پاکستان آئیں گے، تاہم باقی ٹیموں کے متعدد کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا پہلا مرحلہ ختم ہوگیا ہے۔ اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ پلے آف کا راونڈ کھلیں گے۔ پلے آف میں پہلا میچ دبئی میں اتوار کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان رات 10 بجے ہوگا۔ دوسرا مقابلہ 20 مارچ منگل کو لاہور میں پشاور زلمی اور کوئٹہ کے درمیان ہوگا۔ تیسری اور چوتھی پوزیشن کیلئے میچ 21 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا جب کہ فائنل 25 مارچ اتوار کو کراچی میں ہوگا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے سمت پٹیل، چیڈوک والٹن، لیوک رانکی، سمیول بدری، جے پی ڈومینی نے پاکستان آنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے تاہم تین کھلاڑیوں الیکس ہیلز، اسٹیون فن اور سیم بلنگز نے پاکستان جانے سے انکار کر دیا ہے۔ کراچی کنگز کے کالن انگرم، جو ڈینلی، ٹائمل ملز، روی بوپارا اور لینڈل سمنز کے پاکستان آنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سب سے زیادہ مشکل کا شکار ہے کیونکہ کیون پیٹرسن اور رائلے روسو سمیت اس کے 4 غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا ہے، تاہم کرس گرین کے آنے کا امکان ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کہا ہے کہ وہ تھیسارا پریرا اور دیگر سری لنکن کھلاڑیوں سے رابطے میں ہیں اور انہیں قائل کرنے کی کوشش کررہی ہے، بنگلادیش کے محمود اللہ بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جوائن کرسکتے ہیں۔

مزیدخبریں