ریاض:سعودی وزارت محنت و سماجی فروغ سعودی شہریوں کیلئے لچک دار ملازمت کا نظام متعارف کرائےگی۔ لچکدار ملازمت نظام میں کام کرنے والوں کو فی گھنٹہ اجرت دی جائے گی۔
ملازمت فراہم کرنے والی کمپنی لچکدار ملازمت اختیار کرنے والے شہریوں کو سالانہ چھٹی ، میڈیکل انشورنس اور سول انشورنس فراہم کرنے کی پابند نہیں ہوگی۔ اس کے بالمقابل ملازمت کرنے والے ڈیوٹی اوقات کے پابند نہیں ہوں گے۔ لچکدار ملازمت کا نظام متعارف کرانے کا مقصد نجی شعبے میں سعودائزیشن کی شرح کو بڑھانا ہے۔ اس میں آجر او راجیر دونوں کے مفادات کا خیال رکھا گیا ہے۔ ایسی ملازمت کرنے والوں کو فی گھنٹہ کے حساب سے ہفتہ واری تنخواہ دی جائے گی۔ نئے نظام میں کمپنی ملازمت ہونے پر اجیر کو واجبات دینے کی بھی پابند نہیں ہوگی۔
اس نظام میں آجر او اجیر دونوں کو معاہدہ ختم کرنے کی سہولت حاصل ہو گی۔ فریقین میں سے کوئی بھی بغیر کسی وجہ کے معاہدہ ختم کرسکتا ہے۔ وزارت نے لچکدار ملازمت کے تحت کام کرنے والے ملازمین کو کام کے دوران زخمی ہونے پر علاج معالجے کی سہولت فراہم کی ہے۔ کمپنی پر لازم ہے کہ کام کے دوران اگر ملازم زخمی ہو جائے تو اسے مکمل طور پر طبی سہولت دی جائے گی۔ واضح رہے کہ بے روزگاری کی شرح کم کرنے والے ادارے نے وزارت محنت، وزارت اقتصاد و منصوبہ بندی او روزارت تعلیم کو سعودائزیشن کیلئے 15سے زیادہ تجاویز فراہم کی ہیں۔
ان میں سے ایک تجویز لچکدار ملازمت کا نظام بھی ہے۔ تجویز دینے والے ماہرین نے کہا ہے کہ اس نظام میں ایک بڑی خرابی یہ ہے کہ چھوٹے اور بڑے شہروں میں یکساں طور پر اس نظام پر عملدرآمد نہیں ہو سکتا۔