اسلام آباد: وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بجٹ پر تحفظات ہیں۔ الیکشن کیلئے تیار ہیں اتحادیوں (شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن) کو بھی کہوں گا کہ الیکشن کی تیاری کریں اور بروقت الیکشن کرائیں۔ اگر ن لیگ چاہتی ہے کہ پیپلز پارٹی بجٹ پر ووٹ دے تو ہمارے تحفظات دور کرے۔
سوات میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ اگر بجٹ کے لیے ووٹ چاہیے تو سیلاب زدگان کے لیے فنڈز رکھنا ہوں گے۔ بجٹ میں ہماری تجاویز پر عمل نہیں کیا گیا۔وزیر اعظم کو ملاقات میں تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیر اعظم کی ٹیم میں موجود لوگ وزیر اعظم کی طرف سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کر رہے۔ وزیر اعظم سے درخواست ہے کہ سیلاب متاثرین سے کیے وعدے کیے وہ پورے کریں۔ ہم نہیں چاہتے کہ وزیر اعظم کچھ اور کہیں اور بجٹ میں کچھ اور ہو۔ ہمارے مسائل حل ہوں گے تو ہم آگے بڑھیں گے۔
انہوں ںے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی نیت پر کوئی شک نہیں ۔ وزیر اعظم نے اپنی آنکھوں سے سیلاب زدگان کی تباہی دیکھی۔ امید ہے بجٹ پر اسحاق ڈار ہمارے تحفظات دور کریں گے۔ اتحادی ہمت پکڑیں اور الیکشن میں آئیں۔بجٹ میں پیپلز پارٹی کا ان پٹ بہت کم تھا۔ وزیر اعظم کو ان کی ٹیم درست معلومات نہیں دیتی۔
بلاول بھٹو زداری نے کہا کہ بطور نوجوان وزیر خارجہ کام کرکے دکھایا۔ جس طرح میئر کراچی کا انتخاب پیپلز پارٹی نے جیتا ہے بالکل اسی طرح پورے ملک میں الیکشن جیت کر دکھائیں گے۔