حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان مذاکرا ت کامیاب، "پاکستان بچاؤ مارچ" ختم کرنے کا اعلان

01:32 PM, 17 Jun, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد اپنا "پاکستان بچاؤ مارچ" ختم کر دیا۔

اسلام آباد میں ٹی ایل پی کے شفیق امینی اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور  ٹی ایل پی کے درمیان اہم معاملات طے پا گئے ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مذہبی جماعت کے وفد سے بات چیت ہوئی ہے۔سوشل میڈیا پر توہین رسالت کیخلاف کارروائی کے لیے اتفاق رائے سے ایک طریقہ کار طے کیا ہے، اس سلسلے میں حکومت اور ٹی ایل پی نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے۔  ان کے تحفظات ختم نبوت سے متعلق تھے جو ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو ہے، اس کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

دریں اثنا عافیہ صدیقی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کا کیس قومی مسئلہ ہے، ان کے کیس سے ہر پاکستانی غمزدہ ہے۔ فوزیہ صدیقی نے چند روز قبل ان سے ملاقات کی اور عافیہ کو جس حالت میں رکھا گیا وہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرعافیہ صدیقی کو86سال کی سزاعالمی ناانصافی ہے۔عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئےحکومت پاکستان کوششیں کررہی ہے, حکومت ایک خط لکھے گی یا اپیل کرے گی، امریکی حکومت سمیت دنیا کے سامنے اس معاملے کو اٹھایا جائے گا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ٹی ایل پی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک پیج پر ہیں کیونکہ حکومت بھی عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرول کی قیمت کم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور تمام مسائل پرامن طریقے سے حل کرنا چاہتے ہیں۔

دریں اثناء ٹی ایل پی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت سمیت دیگر مطالبات تسلیم کر لیے ہیں اب امیدہےحکومت ہمارے مطالبات کوجلدمکمل کرےگی۔

شفیق امینی نے اس بات کو سراہا کہ سابقہ حکومت کے برعکس موجودہ حکومت نے محاذ آرائی کا راستہ اختیار نہیں کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران شفیق امینی  کی   تقریر  کے اختتام پر مذہبی جماعت کے کارکنوں کی جانب سے ’لبیک، لبیک‘ کے نعرے بھی لگائے گئے۔ 

مزیدخبریں