اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب میں اپنے حج مشن میں حجاج کی خدمات کے فرائض سر انجام دینے کے لیے 40 سے زائد خواتین گائڈ زکو تعینات کر دیا۔
وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق مکہ مکرمہ میں سیزنل ڈیوٹی اسٹاف کی ٹیمیوں کے ساتھ ، مسجد الحرام کے 7 دروازوں اور کلاک ٹاور کے سامنے پاکستانی پرچم والی جیکٹ اور ٹوپی پہنے خواتین گائیڈز پاکستانی عازمین حج کی رہنمائی کے لیے تعینات کر دی گئی ہیں۔پاکستانی گائیڈز مسجد الحرام سے عازمین کو ان کے مقرر کردہ بس اسٹاپ اور رہائشی سیکٹر تک پہنچانے میں معاونت کررہےہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عازمین کی رہنمائی کےلیے خواتین سمیت 50 سے زائد گائیڈز مسجد الحرام کے اطراف میں تعینات کیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کو 24 گھنٹے ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے جس کے لی فی الحال 190 جدید ترین مسافر بسیں مہیا کی گئیں جبکہ عازمینِ حج کی تعداد مکمل ہونے پر بسوں کی تعداد 360 تک پہنچ جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کےلیے 9 رہائشی سیکٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ مسجد الحرام کے اطراف میں اجیاد، غزہ، جرول اور کدی کے مقامات پر بھی بس اسٹاپس قائم کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی حکام نے ملک کا وبائی مرض سے پہلے کا حج کوٹہ بحال کر دیا ہے، جس سے 179,210 پاکستانی عازمین کو اس سال حج میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے جبکہ عمر کی 65 سال سے زائد کی حد کو بھی ہٹا دیا گیا۔ ان میں سے تقریباً 80,000 سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے جبکہ باقی کو پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کی سہولت فراہم کی جائے گی۔