پاکستان، سری لنکا سیریز کیلئے 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

11:49 AM, 17 Jun, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آئندہ ماہ ہونے والی  ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم سکواڈ کا اعلان ہو گیا۔ بابر اعظم قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے  جبکہ سابق فاسٹ بولر مورنے مورکل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ مقرر کر دیئے گئے۔

ذرائع کے مطابق سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران قومی ٹیم میں چند نئے چہروں کی بھی شمولیت کی گئی ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 2 ٹیسٹ میچ جولائی کے تیسرے ہفتے سے کھیلے جائیں گے. بابر اعظم قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے اور  دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے 6 ماہ کے کنٹریکٹ کی بنیاد پر جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر مورنے مورکل کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کردیا ہے۔

 قومی ٹیم میں 2 وکٹ کیپر محمد رضوان اور سرفراز احمد  شامل جبکہ ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم میں کچھ نئے چہرے بھی روشناس کرائے گئے۔ نئے کھلاڑیوں میں محمد ہریرہ اور عامر جمال کھلاڑیوں کی فہرست میں موجود ہیں۔

ذرائع  نے مزید بتایا کہ شاہین آفریدی کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے ساتھ فاسٹ باؤلرز میں حسن علی اور نسیم شاہ بھی شامل ہیں۔ اوپنرز میں امام الحق، شان مسعود اور عبداللہ شفیق جبکہ مڈل آرڈر میں سلمان آغا اور سعود شکیل کو شامل کیا گیا۔ محمد نواز اور ابرار احمد اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ 

چیف سلیکٹر ہارون رشیدنے اس حوالے سےکہاکہ ٹیم کا انتخاب سری لنکا کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جس میں 4 اسپنرز ، 4 فاسٹ بولرز ، 6 بیٹسمین اور 2 وکٹ کیپرز شامل ہیں۔

واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچز پر محیط اس ٹیسٹ سیریز کے لیےسری لنکن بورڈ کی طرف سے شیڈیول اورٹیم کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔ 

مزیدخبریں