اسلام آباد: الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پر 24 جون کو فرد جرم عائد ہو گی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سمیت کمیشن کے دیگر اراکین کو دھمکیاں دینے کے خلاف فواد چوہدری کے خلاف مقدمے کی سماعت کی۔
ذرائع کے مطابق فواد چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے دوران سماعت کہا کہ 24 جون کو فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت نے مقدمے کی نقول بھی فواد چوہدری کو فراہم کردی ہیں۔
واضح رہے کہ فواد چوہدری پر چیف الیکشن کمشنر سمیت کمیشن کے دیگر اہلکاروں کے اہلخانہ کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔ اس کیس میں فواد چوہدری کو 25 جنوری کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا، یکم فروری کو سیشن کورٹ نے ان کو ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا۔الیکشن کمیشن کو دھمکیاں، فواد چوہدری پر فرد جرم عائدکرنے کیلئے24جون کی تاریخ مقرر