جنوبی افریقی ویمنز کرکٹ ٹیم رواں سال پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی: پی سی بی

10:30 AM, 17 Jun, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور:جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم رواں سال اگست ستمبر میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔ جنوبی افریقی ٹیم کے اس دورے سے پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کے 24-2023 سیزن کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے ترجمان کے مطابق جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم اس دورے میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ25-2023 کے سلسلے کے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی جبکہ کراچی میں یہ میچز یکم سے 14 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ 16-2014 کی پہلی آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف شارجہ میں سیریز کھیلی تھی جو جنوبی افریقہ نے 1-2سے جیتی تھی جبکہ 20-2017 کی چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا۔ وہ سیریز 1-1سے برابر رہی تھی سیریز کا تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل بینونی میں ٹائی ہوگیا تھا۔

ذرائع کے مطابق حالیہ برسوں کے دوران جو بڑی ٹیمیں پاکستان آئی ہیں ان میں جنوبی افریقہ چوتھی بڑی ٹیم ہوگی ۔ جنوری 2019 میں ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم نے کراچی میں 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے تھے۔ مئی اور نومبر 2022 میں سری لنکا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں کراچی اور لاہور میں ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلی تھیں اس کے علاوہ 7 ممالک کی 11 کرکٹرز نے جن میں تین کپتان بھی شامل ہیں اس سال مارچ میں خواتین لیگ کے تین نمائشی میچوں میں حصہ لیا تھا۔ 

واضح رہے پاکستان اس وقت تین سیریز میں 9 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیل کر 5 فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ جنوبی افریقہ نے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی ایک سیریز کھیلی ہے اور اس کے 6 پوائنٹس ہیں۔

مزیدخبریں