اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کی مہنگائی کی لگائی آگ بجھائیں گے، عمران خان خود بنی گالہ میں چھپ کر عوام کو سڑکوں پر بلا رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ عمران صاحب عوام چند ہیروں، سینکڑوں کنال زمین اور مالی فوائد کے لئے قومی اور عوام مفاد پر سودا کرنے والوں کے ساتھ نہیں نکلتی ،عوام جھوٹے ، منافق نالائق اور نااہل کے ساتھ نہیں نکلتے،عمران صاحب نالائقوں، نااہلوں، چوروں اور آئین شکنوں کی کال پہ کوئی نہیں نکلتا،کال نہ دیں، اپنی لائی مہنگائی اور معاشی تباہی کی ذمہ داری کا اعتراف کرتے ہوئے اللہ تعالی اور عوام سے معافی مانگیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ مہنگائی کی تباہی عمران صاحب لائے، آئی ایم ایف سے کمزور بنیادوں پہ معاہدہ عمران صاحب کرکے گئے ،آج ملک میں مہنگائی کے ذمہ دار عمران خان ہیں،عوام مہنگائی اور بے روزگاری کے ذمہ دار کے ساتھ نہیں نکلتے،عوام معاشی تباہی کے ذمہ دار کے ساتھ نہیں نکلتے،عوام خونی مارچ والوں اور مسلح جتھوں کے ساتھ نہیں نکلتے،عوام بے گناہ پولیس والوں کو گولیاں مار کے شہید کرنے والوں کے ساتھ نہیں نکلتے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نے سازش کی کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے، حکومت ملک اور عوام کو بچانے آئی،آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے اس کی خلاف ورزی کی اور پاکستان کی ساکھ خطرے میں ڈالی، اس کے ذمہ دار عمران صاحب آپ ہیں۔