اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے سوشل میڈیا رولز سے متعلق کیسز میں نئی تشکیل کردہ ٹاسک فورس کا نوٹیفکیشن آئندہ سماعت تک طلب کر لیا۔
اسلام آبادہائیکورٹ میں سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ سوشل میڈیا رولز ، میڈیا لاز سے متعلق ٹاسک فورس تشکیل دی جارہی ہے، ٹاسک فورس کا نوٹیفکیشن آج کسی بھی وقت ہو جائے گا،درخواست گزار کے وکیل اسامہ خاورنے کہاکہ گذشتہ پانچ آرڈرز سے حکومت تاریخ پے تاریخ مانگتی جارہی ہے،حکومت کی جانب سے عملی طور پر کام نہیں ہو رہا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت کہہ رہی ہے ٹاسک فورس بنا کر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے،جب نوٹیفکیشن ہو جائے تو یہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے،عدالت نے ٹاسک فورس کا نوٹیفکیشن طلب کرتے ہوئے سماعت 29 جون تک ملتوی کردی۔