فیٹف اجلاس جاری، قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے: حنا ربانی کھر

12:46 PM, 17 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:  وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے سوشل میڈیا پر  پاکستان کے ایف اے ٹی ایف سے نکالے جانے کی خبروں پر ردِعمل دیتے ہوئے وضاحتی بیان جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، فیٹف کا اجلاس جاری ہے، فیصلے کا اعلان باقاعدہ  اعلامیے کے ذریعے ہو گا جبکہ ہفتے کی صبح وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس بھی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر خبریں زیرگردش تھیں کہ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا گیا ہے جبکہ ٹوئٹر پر مختلف مبارکبادوں کے ٹرینڈز بھی چل رہے ہیں جن میں پاکستان کے گرے لسٹ سے نکالے جانے کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔

خیال  رہے کہ جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ایف اے ٹی ایف کے اجلاس کا آج تیسرا اور آخری روز ہے ، اجلاس ختم ہو نے کے بعد باضابطہ طور پر اعلان ہو گا،  پاکستان ایف اے ٹی ایف کی  گرے لسٹ سے نکالے جانے کا منتظر ہے۔

  ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو دو مرحلوں میں 34 نکات پر عمل درآمد کے لیے کہا تھا، پاکستان نے اس بار تمام 34 شرائط پر عمل درآمد کیا ہے اور امید ظاہر کی جارہی ہے کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

مزیدخبریں