لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن ) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز کو ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد مزید علاج کے لیے سروسز ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دانیال عزیز اسلام آباد سے شکر گڑھ واپس آرہے تھے کہ بھجنا اسٹاپ کے قریب ان کی کار سبزیوں سے لدے منی ٹرک سے ٹکرا گئی۔
دانیال عزیز خود گاڑی چلا رہے تھے جو حادثے میں مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ تصادم کے باعث منی ٹرک کے اوپر بیٹھا ہوا شخص گر گیا اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ دانیال عزیز کا ڈرائیور بھی حادثے میں جاں بحق ہوا۔
دانیال عزیز کو طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نارووال لے جایا گیا جہاں سے انہیں سروسز ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق حادثے میں ان کے پھیپھڑوں کو بھی نقصان پہنچا ہے اور ان کا چہرہ شدید زخمی ہوا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے دانیال عزیز کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی اور محکمہ صحت کے متعلقہ حکام کو لیگی رہنما کے علاج کیلئے ہر قسم کے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔