اسلام آباد: قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے میرے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لے لی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قاسم سوری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو میرے خلاف تحریک عدم اعتماد میں منہ کی کھانی پڑی ہے۔ اپوزیشن اپنے نمبرز پورے نہ ہونے کی وجہ سے بھاگ گئی ہے۔
قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری نے کہا کہ اپوزیشن نے 2019 میں بھی میرے خلاف تحریک اعتماد کی ناکام کوشش کی تھی لیکن اس وقت بھی اپوزیشن کے پاس نمبرز پورے نہیں ہوئے تھے۔
قاسم سوری نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس اتنے لوگ ہی نہیں ہیں کہ میرے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب کرا سکے، اپوزیشن نے پہلے سے دستخط شدہ فہرست لگا کرتحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔
اس سے قبل ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی واپسی کی بالواسطہ تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہدف اب بڑا ہو گیا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینا ہو گی۔ ابھی ڈپٹی اسپیکرکے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے یا نہ لینے پر مشاورت جاری ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے اپوزیشن نے حکومت کی درخواست پر ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اپوزیشن آج عدم اعتماد کی تحریک واپس لینے کی درخواست جمع کرائے گی۔
ادھر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ اعتراض ڈپٹی اسپیکر کی طرف سے عجلت میں کی گئی قانون سازی پر تھا اور آج اسپیکر نے اُس قانون سازی پر دوبارہ غور کی یقین دہانی کرا دی ہے۔