اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ نئی نسل کو قرآنی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لئے حکومت پرعزم ہے اور سیرت النبی ﷺ کو بطور مضمون نصاب میں شامل کیا جائے گا۔
قومی مقابلہ حفظ و قرات کے اختتامی سیشن کی صدارت کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے مقابلہ میں اول، دوم اور سوم آنے والے قراء اور حفاظ میں اسناد تقسیم کیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ قرآن پاک کا کام کرنے والے تمام لوگ انعام یافتہ ہیں۔ قرآن حکیم کی برکات سے کوئی بھی محروم نہیں رہ سکتا۔ کہ مقابلے میں حصہ لینے والے تمام بچے خواتین و حضرات اور ان کے والدین انتہائی خوش نصیب لوگ ہیں۔ قیامت کے دن حفاظ و قراء کو انتہائی اعلیٰ مقام ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ قرآن پڑھنے والے لوگ ملائکہ کو اپنا گواہ بناتے ہیں۔ ہمیں قرآن پاک سے اپنی وابستگی قائم رکھنی چاہیے کیونکہ قرآن حکیم سے نسبت اس امت کا اسلوب ہے۔ امت کے اسلاف کا قرآن حکیم سے خصوصی تعلق تھا۔ انہوں نے بتایا کہ قرآن حکیم کی مختلف قراء کی تلاوت سننا میرا معمول ہے، حکومت نئی نسل کو قرآن حکیم کی تعلیمات سے روشناس کروانے کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قرآن پاک اور سیرت النبیﷺ کو فروغ دینے کی بات کرتے ہیں اور موجودہ حکومت نے چاروں مسالک کا متفقہ ترجمہ قرآن پاک کا اردہ ترجمہ کے ساتھ تیار کیا ہے۔ سیرت النبیﷺ کو بطور مضمون نصاب تعلیم میں شامل کیا جائے گا۔