سرفراز احمد کیساتھ جھگڑا، شاہین شاہ آفریدی نے سب کے دل جیت لئے

سرفراز احمد کیساتھ جھگڑا، شاہین شاہ آفریدی نے سب کے دل جیت لئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ابوظہبی: لاہور قلندرز کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف میچ کے دوران کپتان سرفراز احمد کیساتھ جھگڑے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کے دوران شاہین آفریدی اور سرفراز احمد کے درمیان نوک جھونک جھگڑے تک پہنچ گئی اور ساتھی کھلاڑیوں اور فیلڈ امپائرز نے معاملے کو رفع دفع کروایا۔ 
اس حوالے سے سرفراز احمد نے موقف اختیار کیا تھا کہ اس معاملے پر جو باتیں ہو رہی ہیں ایسا کچھ بھی نہیں ہے، سب کچھ ٹھیک ہے اور اب شاہین شاہ آفریدی نے بھی اس حوالے سے لب کشائی کرتے ہوئے معاملے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 
شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ مجھے سرفراز احمد کو عزت دیتے ہوئے خاموش ہوجانا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’سیفی بھائی ہم سب کا فخر ہیں، وہ میرے کپتان تھے اور ہمیشہ رہیں گے، اس دن جو کچھ ہوا وہ اس موقع کی گرما گرمی تھی۔‘ 
نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنے سینئرز کی عزت کی ہے اور میں سرفراز احمد کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کرتا ہوں، وہ میرے کپتان تھے اور ہمیشہ میرے کپتان رہیں گے۔