کیا وفاقی حکومت  صرف عطیہ کی گئی ویکسین پر زندہ رہنے کا منصوبہ بنارہی ہے،شیری رحمان

 کیا وفاقی حکومت  صرف عطیہ کی گئی ویکسین پر زندہ رہنے کا منصوبہ بنارہی ہے،شیری رحمان
سورس: file photo

اسلام آباد، پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہےکہ این ڈی ایم اے اور وزارت  قومی صحت کے مابین ہم آہنگی کا فقدان ملک میں کورونا ویکسین کی قلت کا سبب بنا ہے۔

ایک بیان میں شیری رحمان کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت پنجاب میں ویکسینیشن کے کئی مراکز میں ویکسین کی فراہمی بند ہوچکی ہے اور سندھ کی ویکسین سپلائی میں بھی کمی آئی ہے۔ شیری رحمان نے این ڈی ایم اے اور وزارت قومی صحت میں ہم آہنگی نہ ہونے کو ویکسین کی قلت کی وجہ قرار دیتے ہوئے سوال کیا کہ کیا وفاقی حکومت  صرف عطیہ کی گئی ویکسین پر زندہ رہنے کا منصوبہ بنارہی ہے یا حکومت پھر سے ویکسین منگوانا بھول گئی ہے؟ حکومت فائزر  ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں کہاں چھپا رہی ہے؟

خیال رہے کہ وفاقی حکومت صوبوں کو ویکسین فراہم کرنے میں سست روی کا شکار ہے ،کراچی،لاہور اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں کو کورونا ویکسین کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ویکسین کی دوسری ڈوز کے لیے رکھی گئی ویکسینز بھی پہلی بار آنے والوں کو لگائی جانے لگیں ہیں۔

پہلی ڈوز لگوانے والوں دوسری ڈوز وقت پر نہ لگی تو پہلی ڈوز کا اثر بھی ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔