ابوظہبی پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے 26 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور 247 رنز بنا کر اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹ پر 247 رنز بناڈالے اور پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور بناکر پی ایس ایل میں سب سے بڑے ٹوٹل کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔
اسلام یونائیٹڈ نے اس سے قبل 2019 میں لاہور قلندرز کے خلاف 238 رنز بنائے تھے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان عثمان خواجہ نے شاندار سنچری بنائی اور ناقابل شکست رہے ، انہوں نے اپنی اننگز میں 3 چھکے اور 13 چوکے لگائے اور 105 بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
دیگر کھلاڑیوں کولن منرو، آصف علی اور برینڈن کنگ نے بھی بہتی گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے۔ کولن منرو نے 28 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 48 رنز کی اننگز کھیلی اور آصف علی نے 14 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے جبکہ برینڈن کنگ نے 22 گیندوں پر 3 چھکوں اور5 چوکوں کی مدد سے 46 سکور بنائے۔
واضح رہے کہ انجری کے باعث شاداب خان آج اسلام آباد یونائیٹڈ کے سکواڈ کا حصہ نہیں جس کے باعث پاکستانی نژاد آسٹریلین کرکٹر عثمان خواجہ اسلام آباد کی قیادت کررہے ہیں۔